امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کا بادشاہی مسجد کا دورہ

375

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے لاہور میں بادشاہی مسجد کا دورہ کیا ۔اس موقع پر خطیب بادشاہی مسجد اور چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا اور انہیں تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد کی اہمیت اور پس منظر سے آگاہ کیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بادشاہی مسجد کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آکر خوشی ہوئی کہ یہ صرف عبادت گاہ ہی نہیں بلکہ یہ بین المذاہب وبین المسالک ہم آہنگی کا ایک عظیم پلیٹ فارم بھی ہے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے جو کام کر رہے ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آکر مسالک اور مذاہب کے رہنما ئوں سے ملکر بڑی خوشی ہوئی ہے ، یہ صرف پاکستان کے لیے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے لیے اچھا پیغام ہے۔ اس موقع پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی و رواداری کے حوالے سے علما کرام ویگر مذاہب عالم کے رہنما پاکستان میں ایک پلیٹ فارم پر ہیں، مولانا آزاد نے متاثرین سیلاب کی امداد پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے امریکی سفیر کو پاکستان کا عظیم بیانیہ "پیغام پاکستان ” اور سوینیئر پیش کیا۔اس موقع پر کونسل جنرل سی جی ویلیم،آرچ پشپ سبسٹین شا،علامہ زبیر احمد ظہیر، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،علامہ محمد رشید ترابی،سردار جانی رجیت سنگھ،مفتی مبشر احمد،ڈاکٹر منور چاند،ظفراللہ جان،وسیم اشرف،صاحبزادہ سید عبدالبصیر آزاد اور دیگر بھی موجود تھے۔