اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی و ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان کے چھوٹے ایئرپورٹس کو فعال کرنے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے چینی سفیر کو بجٹ ایئرلائینز کی پی آئی اے کے ساتھ اشتراک پر غور کرنیکی پیشکش کی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ پیشکش انہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں چین کے سفیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔ چیئرمین ریلوے ،ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے، سیکرٹری ایوی ایشن ، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ایم ایل۔1 منصوبے کے جلد آغاز پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے ایئرپورٹس کو فعال کرنے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے چینی سفیر کو بجٹ ایئرلائینز کی پی آئی اے کے ساتھ اشتراک پر غور کرنیکی پیشکش کی۔
چینی سفیر نے اس پیشکش کا خیر مقدم کیا اور چینی نجی ائیر لائنز سے بات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔چینی سفیر نے پاکستانی ائیرلائینز کے لئے پاکستان سے براہ راست بیجنگ اور گوانگ ژو پروازوں کی جلد اجازت دینے کیلئے اقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی۔