ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 13074کلومیٹر سڑکوں اور 410پلوں کو نقصان پہنچا ہے، این ایف آر سی سی

97

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر(این ایف آر سی سی)کے مطابق ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 13074کلومیٹر سڑکوں اور 410پلوں کو نقصان پہنچا ہے، سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سندھ کے علاقے قنبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیر پور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین جبکہ بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ، نصیرآباد،جعفر آباد،جھل مگسی،بولان،صحبت پور اور لسبیلہ سمیت خیبر پختونخوا کے دیر، سوات،چارسدہ،کوہستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان اورپنجاب میں ڈی جی خان اور راجن پور کے علاقے شامل ہیں۔

پاک فوج کی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری تیزی سے جاری ہیں۔ متاثرین کے انخلا کے لئے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی اب تک627 پروازیں کی گئیں۔ اب تک ہیلی کاپٹروں کی مدد سے 4659افرادکو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں پاک فوج کے147ریلیف کیمپس اور157 ریلیف کولیکشن پوائنٹس کام کر رہے ہیں۔

این ایف آر سی سی کے مطابق اب تک 11131.0 ٹن راشن اور اشیائے ضرورت کے ساتھ 12469435 اقسام کی ادویات جمع کی جا چکی ہیں تاہم 11041.7 ٹن خوراک، 1919.2 ٹن اشیائے ضرورت اور 12410535ادویات تقسیم کی جا چکی ہے۔ پاک فوج کے300سے زیادہ میڈیکل کیمپس میں6لاکھ20 ہزار19متاثرین کا علاج معالجہ، مفت ادویات کی بھی فراہمی جاری ہے۔ پاک بحریہ کے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیثن سنٹر اور 18سنٹرل کولیکشن پوائنٹس بھی متحرک ہیں، بحریہ کی جانب سے 1886ٹن راشن، 6839خیمے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

پاک بحریہ کی23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں مختلف اضلاع میں مصروف عمل ہیں اور اب تک 15568افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز54 موٹرائزڈ کشتیوں اور2 ہوور کرافٹس کے ساتھ کام کر رہی ہیں،اندرون سندھ میں پاک بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹر بھی مصروف عمل ہیں ۔ اب تک پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرزنے 69پروازوں کی مدد سے 479 افراد کو ریسکیو کیا۔

پاک نیوی کے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے5333 پیکٹس راشن بھی تقسیم کیاگیا۔ پاک بحریہ کی8 غوطہ خور ٹیموں کے متاثرہ علاقوں میں28 ڈائیونگ آپریشنزکئے گئے۔ پاک نیوی کے90 میڈیکل کیمپس میں106801مریضوں کو سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے اب تک6593 خیمے اور خوراک کے639631 پیکٹس تقسیم کئے گئے۔اس کے علاوہ پی اے ایف نے 289193لٹر صاف پانی بھی متاثرین کوفراہم کیا۔پاک فضائیہ کے 46 میڈیکل کیمپش میں74448مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

پاک فضائیہ کی 20خیمہ بستیوں میں 19807افراد کو رہائش فراہم کی گئیں ۔ اس کے علاوہ پی اے ایف نے 54 ریلیف کیپمس اور 3ایوی ایشن حبز بھی قائم کئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے طیاروں ا ور ہیلی کاپٹرز کی265 پروازوں کی مدد سے1521 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ این ایف آر سی سی نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی ۔

سبی میں 40اور خان پور میں39ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے تاہم ہفتہ کی رات کو خیبرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔