اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پوری طاقت سے اس ملک پر حکومت کی اور اب عوام کو ایک اور دھوکہ دینے کیلئے بے اختیار ہونے کا رونا رو رہا ہے۔ انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر عمران خان اتنا ہی کمزور اور بے اختیار تھا تو پھر اسے حکومت کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ جو وزیر اعظم ماضی میں اپنے اختیارات استعمال کرنے کا اختیار بھی نہیں رکھتا تھا وہ اب کس منہ سے عوام سے اقتدار کی بھیک مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے دور میں اداروں نے اندھا دھند اس کا ساتھ دیا اور عمران خان نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان منفی سوچ اور منفی سیاست کا قائل ہے اور اسی منفی سوچ اورمنفی سیاست کی وجہ سے اپنے دورِ اقتدار میں اس نے ساری توانائیاں اپوزیشن کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے اور اپوزیشن لیڈروں کو جیلوں میں ڈالنے کیلئے استعمال کیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ مثبت سوچ اور مثبت سیاست کا قائل ہوتا توعوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرتا، ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھروں اور انصاف کی فراہمی کیلئے محنت کرتا مگر اس نے عوام سے جھوٹ بولنے اور انہیں دھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کوئی لانگ مارچ نہیں کرے گا کیوں کہ اپنے گزشتہ مارچوں اور دھرنوں کا نتیجہ اس کے سامنے ہے اور اگر وہ ایک بار پھر یہ مارچ کرنے اور دھرنا دینے کا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو کر لے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کئ ضرورت ہے کہ سیکیورٹی حالات کے پیش نظر مل بیٹھا جائے اور سیکیورٹی ایشوز کو حل کیا جائے۔