اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، میر پور خاص ضلع میں ہیلتھ کیمپس کا انعقاد وزارت صحت کے ماتحت ادارے بارڈر ہیلتھ سروسز آف پاکستان کے زیر اہتمام کیا گیا ہے ۔پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع میں اکثر دیہات سیلابی پانی کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد جان کے پورے گائوں میں ڈینگی سے نمٹنے کیلئے سپرے کرایا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں تقریباً پچیس سو سے زائد ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی سکریننگ اور مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ یہ علاقہ سیلاب سے بہت زیادہ متاثر تھا ،طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ،سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وزارت صحت سیلابِ متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔انہوں نے بارڈر ہیلتھ سروسز آف پاکستان کی ٹیم کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔