وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی سینئر صحافی ارشد شریف مرحوم کے گھر آمد، والدہ اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت

273
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی سینئر صحافی ارشد شریف مرحوم کے گھر آمد، والدہ اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پیر کو سینئر صحافی ارشد شریف مرحوم کے گھر گئیں اور ان کی والدہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم ارشد شریف کی اہلیہ، بچوں اور تمام اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کینیا سے ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان لانے کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر ارشد شریف کی والدہ سے تعزیت اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد شریف کی وفات کی خبر پر بے حد رنج ہوا، ارشد شریف کی والدہ نے وزیراعظم سے اپنے بیٹے ارشد شریف کی میت جلد پاکستان لانے کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں۔

مرحوم ارشد شریف کی والدہ نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے چھوٹے بیٹے ارشد شریف کے بھائی کی وفات پر بھی تعزیت کے لئے گھر آئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کینیا کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے، مرحوم ارشد شریف کی میت کو وطن واپس لانے کے لئے خارجہ اور داخلہ کی وزارتوں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم نے سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری داخلہ کو میت کی واپسی کا عمل تیز کرنے اور دونوں وفاقی سیکریٹریز کو کینیا کے حکام سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعطم نے کہا کہ دونوں وفاقی سیکریٹریز کو میت کی وطن واپسی کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے مرحوم کی والدہ کو یقین دلایا کہ ضابطے کی کاروائی مکمل ہوتے ہی مرحوم ارشد شریف کی میت پاکستان لائی جائے گی۔