عمران خان ملزم نہیں مجرم ہے، اس کی دھمکیاں سزا سے بچنے اور این آر او کیلئے ہیں، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کی پریس کانفرنس

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی سینئر صحافی ارشد شریف مرحوم کے گھر آمد، والدہ اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان ملزم نہیں مجرم ہے، اس کی دھمکیاں سزا سے بچنے اور این آر او کیلئے ہیں، اس نے تحائف بیچ کر رقم جیب میں ڈال لی اور آمدنی کو ظاہر بھی نہیں کیا، سیاست میں نازیبا زبان اور الزام تراشی اسی نے شروع کی ہے، عمران خان کے سیاسی غبارے سے ہوا نکل گئی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف کوئی بھی باہر نہیں نکلا،

وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ الیکشن آئین کے مطابق وقت پر ہوں گے، سردیوں کیلئے اضافی ایل این جی کا انتظام کر لیا ہے، گھریلو صارفین کو ایل پی جی فراہم کریں گے، صنعتوں کو گیس کی فراہمی کیلئے پلان بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی ہدایت کی ہے، عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے مطابق کرپٹ ہے، اعلیٰ عدالتوں کا اس پر جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اس کا احترام کریں گے، جرم ثابت ہونے پر عمران خان کو سزا دی گئی اور نااہل قرار دیا گیا، عمران خان نے تحائف بیچ کر رقم جیب میں ڈال لی اور معاملہ کو مخفی رکھا، آمدنی کو ظاہر نہیں کیا، عمران خان نے تو کروڑوں روپے کے تحائف غیر ملکی سربراہان سے لئے اور وہ بیچ دیئے، سب پر کیچڑ اچھالتا رہا اور صرف اپنے آپ کو سچا اور حق گو قرار دیتا رہا ہے، سیاست میں نازیبا زبان اور الزام تراشی عمران خان نے ہی شروع کی، اس کے سیاسی غبارے سے ہوا نکل گئی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف کوئی بھی باہر نہیں نکلا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تو اس کی اپنی حکومتیں ہیں،

ایک ڈیڑھ گھنٹہ کے بعد احتجاج ختم ہو گیا، عمران خان کی پارٹی کے پرانے سیاسی کارکن ریاست کے خلاف مہم میں اس کا ساتھ نہیں دیں گے، عمران خان کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے وہ اس کی بددیانتی اور چوری کو ظاہر کرتا ہے، جو کچھ وہ لوگوں کے بارے میں کہتا رہا ہے وہی اس کے سامنے آ گیا ہے، عمران خان کی دھمکیاں سزا سے بچنے اور این آر او کیلئے ہیں لیکن اس سے مال مسروقہ ہر صورت میں برآمد کیا جائے گا۔

مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، حکومت نے سردیوں میں گیس کی طلب پوری کرنے کیلئے جنوری اور فروری کیلئے ایک ایک اضافی کارگو کا انتظام کر دیا ہے تاہم بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھ کر شاید کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے تاہم صورتحال پچھلی سردیوں سے بہتر ہو گی، صارفین بھی سردیوں میں گیس کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور کفایت شعاری سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کو ایل پی جی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، 20 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی کا انتظام کیا گیا ہے، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، پی ایس او اور پارکو کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے ایل پی جی فروخت کے مراکز کھولیں، ایل پی جی بلیک میں فروخت نہیں ہو گی اور زیادہ قیمت لینے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اپٹما سے بھی بات ہوئی ہے، ایس این جی پی ایل کے پاس 680 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ہے، انہیں کہا گیا ہے کہ جہاں بجلی سے صنعتیں چل سکتی ہیں وہاں بجلی سے صنعتیں چلائی جائیں اور جہاں گیس کی ضرورت ہو گی ان کی مشاورت سے مؤثر پلان بنائیں گے، صنعتوں کو گیس کی فراہمی کیلئے پلان تیار کیا جائے گا۔ مصدق ملک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی سی این جی ایسوسی ایشن نے بھی باہمی مشاورت سے سی این جی کے استعمال کا منصوبہ بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس سے گھریلو صارفین کو سہولت ہو گی، کراچی میں صنعتی تنظیموں کے ساتھ بھی اس حوالہ سے مشاورت کریں گے۔