سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کا یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام

298
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم پاک بھارت کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کا کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نا گزیر ہے ، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھولے اور نہ بھولیں گے اور دنیا کے ہر فورم پر اس کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کیا جو ہر سال 27 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں بھارت کے اس ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے جب اس نے 28 اکتوبر 1947 کو غیر قانونی طور پر اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں بھیجیں اور اس خطہ پر غاصبانہ قبضہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 75 سال سے بھارت کے اس غاصبانہ قبضے کے خلاف برسرپیکار ہیں ۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو تمام علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کے موجودہ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے ہر فلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کو کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالنے کیلئے کہا ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی حکومت اور افواج کے ظلم و بربریت نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے آئین سے آرٹیکل 73 اور 35 (A) کی منسوخی سے کشمیری عوام کو انکی شناخت سے محروم کر دیا گیا ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں سے کئے گے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا آرٹیکل کی منسوخی بھارت حکومت کی نفرت انگیز پالیسیوں کی عکاسی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھر پور انداز سے لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور تمام پارلیمانی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور میڈیا کو یوم سیاہ کشمیر پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا کہا ۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس اندوہناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب قابض بھارتی فوج نے جبری طور پر کشمیر پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ گزشتہ کہی دہائیوں سے بھارت کی ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر جاری اس ظلم و بربریت کا نوٹس لے اور کشمیر سے متعلق اپنی منظور شدہ قراردادوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے۔