اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے گلگت بلتستان کے عوام کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی شجاعت، بہادری اور عزم کے بل بوتے پر آج سے 75 سال قبل ڈوگرہ راج کے تسلط کی زنجیروں کو توڑتے ہوئے آزادی حاصل کی۔اُنہوں نے کہاکہ ان 75 سالوں سے گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے ساتھ گہرے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور اُنہوں نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی بے لوث محبت اور وابستگی کا اظہار کیا ہے۔
انہو ں نے کہاکہ محبت اور وابستگی کے جس جذبے کا اظہار گلگت بلتستان کے عوام کرتے ہیں اُس پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے اور وہ اپنے گلگت بلتستان کے بہنوں اور بھائیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل خطہ ہے اور سی پیک پروجیکٹ میں گلگت بلتستان کے خطے کو بنیادی مقام حاصل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ معاشی لحاظ سے گلگت بلتستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے اور قدرت نے گلگت بلتستان کو سیاحت، ہائیڈل پاور اور معدنیات کی شکل میں دُنیاکے عظیم خزانوں سے نواز رکھا ہے جس کو احسن انداز سے بروئے کار لاکر گلگت بلتستان پاکستان کا خوشحال ترین خطہ بن سکتا ہے۔ مشیر اُمور کشمیر نے کہاکہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ شدید ترین مالی مشکلات کے باوجود حکومت نے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کو برقرار رکھا۔
اُنہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے سب سے پہلے 2009 میں گلگت بلتستان کو انتظامی حقوق دیئے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی میں یقین رکھتی ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی فراہمی کے لئے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھیں گے۔ مشیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ذاتی طور پر گلگت بلتستان کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں کو ترجیح دی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام انتہائی باہمت ہیں اور دُنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے میں گلگت بلتستان کے نہ صرف نوجوان بلکہ بیٹیوں نے بھی ہمت و عزم کی عظیم مثالیں قائم کیں ہیں۔ اُنہوں نے کہاگلگت بلتستان کے عوام تعلیم سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہر ہ کررہے ہیں جو انتہائی قابل تحسین ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ گزشتہ دنوں بھارت کے وزیردفاع راجہ ناتھ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور بین الاقوامی قوانین کی تضحیک کرتے ہوئے گلگت بلتستان سے متعلق ایک بیان دیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔اُنہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی قانونی پوزیشن نہ ہونے کے برابر ہے اور عالمی ادارے اور دُنیا متعدد مرتبہ کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی جھوٹے دعوے مسترد کر چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت سے اپنی آزادی حاصل کریں گے اور پاکستان کی آزادی اور تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا پنے تکمیل کو پہنچے گا۔