اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاک چائنہ بزنس فورم اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے مابین مفاہمت کا معاہدہ طے پاگیا ،معاہدے کے تحت آرسی سی آئی اور بزنس فورم تجارتی مواقع، نیٹ ورکنگ، تجارتی وفود کے تبادلوں اور باہمی تعاون کے سیکٹرز پر مبنی معلومات شیئر کریں گے۔
اس ضمن میں پاکستان چائنہ بزنس فورم کے وفد نے پیر کو راولپنڈی چیمبرآف کامرس کا دورہ کیا، وفد کی قیادت شیخ محمد ناصر نے کی ، وفد نے صدر ثاقب رفیق اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی، اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ حفیظ،،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم، شیخ اعجاز، مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے چینی نمائندے اور ایگزیکٹوممبران اور چیمبر کے ممبران بھی موجود تھے۔
وفد نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کاروباری میچ میکنگ میں سہولت فراہم کرنے اور B2B ایونٹس، نمائشوں اور تجارتی میلوں کے بارے میں متعلقہ معلومات کے تبادلے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔