اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو 2023ءتک انتظار کرنا پڑے گا اور آئے روز کی ہنگامی آرائی اور سازشوں سے کچھ حاصل نہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائد محمد نواز شریف کی بہترین کارکردگی اور وژن کے باعث آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور اس کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 20 سے زائد مستند بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور جریدوں نے پاکستان کی معاشی ترقی کے بارے میں بڑی مثبت رپورٹس دی ہیں اور بین الاقوامی برادری میں یہ تاثر عام ہے کہ اگر پاکستان اسی رفتار اور مستقل مزاجی سے آگے بڑھتا رہا تو عنقریب خطے کا مضبوط ترین ملک بن کر ابھرے گا۔