جکارتہ ۔16نومبر (اے پی پی):انڈونیشیا میں منعقدہ جی۔20 سمٹ کا اختتامی اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق جی 20 کے حتمی اعلامیہ میں 22 جولائی کو استنبول میں صدر رجب طیب ایردوان کی سرپرستی میں یوکرین، روس، ترکیہ اور اقوام متحدہ کے درمیان طے پانے والے یوکرینی اناج کی برآمدی کھیپ کے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے استنبول معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
متعلقہ فریقین کا معاہدے پر مکمل طور پر، وقت پر اور مستقل بنیادوں پر عمل درآمد کرنا اہمیت کا حامل ہے۔اعلامیہ میں ترکیہ اور اقوام کی ثالثی میں طے پانےو الے استنبول معاہدے پر مسرت کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر توجہ مبذول کرائی گئی ہے کہ اس معاہدے کا مستقل اور دیر پا ہونا انتہائی اہم ہے۔
جوہری اسلحہ کے استعمال کے ناقابل قبول ہونے پر زور دینے والے اعلامیہ میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ جھڑپوں کا پر امن طریقے سے سد باب کیا جانا حیاتی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ دور جنگوں کا دور نہیں ہو نا چاہیے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہمیں عالمی غذائی تحفظ کے حوالے سے موجودہ پیش رفت پر گہری تشویش ہےاور خاص کراس موضوع پر نازک حیثیت رکھنے والے ممالک کے لیے فوری اقدامات کرنےکی ضمانت دی گئی۔