دوحہ۔21نومبر (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے ایران کو یکطرفہ مقابلے کے بعد6-2گولز سے شکست دے کرایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ قطر کے شہر دوحہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں منگل کو کھیلے گئے گروپ بی کے میچ کے پہلے ہاف میں انگلینڈ نےیکے بعد دیگرے3گولز کر کے ایران کے خلاف 3-0گولز کی برتری حاصل کی، انگلش ٹیم کی طرف سے جوڈ بیلنگٹن نے 35ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا ئی جبکہ کچھ دیر بعد بوکایو ساکا نے گول کرکے ٹیم کی برتری دگنی کر دی، رحیم سٹرلنگ نے 45ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-0گولز کر دیا،انگلینڈ کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی،
دوسرے ہاف میں انگلش کھلاڑی بوکایو ساکا نے 62ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے ٹیم کو4-0گولز کی برتری دلا دی۔ مارکس رشفورڈ نے 71ویں اور جیک گریلش نے 89ویں منٹ میں گول کیا۔ ایران کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی بار اٹیک کیا اور دو مرتبہ گول کرنے میں کامیاب رہی۔ ایران کے مہدی تریمی نے دوسرے ہاف میں میچ کے 65ویں اور 90 منٹ میں دو گول کئے۔ اس طرح انگلش ٹیم نے6-2گولز سے فتح حاصل کرکے گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔