وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کا وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس، متعلقہ حکام کو منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

52
Federal Minister for Planning Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے گزشتہ ماہ ہونے والے 11ویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس اور وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے بعد منگل کو سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کریں۔27 اکتوبر کو 11ویں جے سی سی کا اجلاس پروفیسر احسن اقبال اور وائس چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) کی مشترکہ صدارت میں وزات منصوبہ بندی میں ہوا تھا جس میں دونوں فریقین نے سی پیک منصوبوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا جبکہ جے سی سی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین بھی ہوا جس میں متعدد یادداشتوں پردستخط کئے گئے تھے۔

منگل کو ہونے والے اجلاس میں سی پیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، چیف اکنامسٹ، وزارت منصوبہ بندی اور مختلف وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں وزات توانائی، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، گوادر، سماجی و اقتصادی ترقی، سیکورٹی، سی پیک کی طویل المدتی منصوبہ بندی، صنعتی تعاون، بین الاقوامی تعاون، سائنس و ٹیکنالوجی اور زرعی تعاون سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپس کے کنوینئرز نے وفاق وزیر کو پیشرفت سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ایم ایل-1 اور کے سی آر منصوبوں پر عملدرآمد کو تیزی، جن پر 11ویں جے سی سی میں اتفاق کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے چین میں پاکستان کے سفارتخانہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ 11ویں جے سی سی اور وزیراعظم کے دورہ چین میں کئے گئے فیصلوں کی پیروی کے لئے چینی فریق کے ساتھ اجلاس منعقد کرائے ۔ انہوں نے چین میں پاکستانی سفارتخانہ سے بھی کہا کہ وہ سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے این ڈی آر سی کے وائس چیئرمین کے ساتھ ایک آن لائن اجلاس بھی جلد منعقد کرائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہے، سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی تعاون کے تحت منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ سپیشل اکنامک زونز کے تحت شروع ہونے والے منصوبوں کو تیز کریں تاکہ کم پیداواری لاگت کے ساتھ چینی صنعت کی پاکستان منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں وفاقی وزیر احسن اقبال نے حکام کو ہدایت کی کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جلد تکمیل کے لئے چینی حکام سے رابطہ کریں اور گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈہ جون 2023 سے پہلے فعال ہونا چاہئے۔