کوپ-27 میں عالمی فنڈ کاقیام کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے بچانے میں تاریخی سنگ میل ہے ، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پروٹوکول آفیسرپی آئی ڈی مقبول احمد کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ کوپ-27 میں عالمی فنڈ کاقیام کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے بچانے میں تاریخی سنگ میل ہے ،ماحولیاتی انصاف کا مطالبہ عالمی سطح پر منظور ہونا پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے،موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے نقصانات کے ازالے کا عالمی فنڈ قائم ہونا پاکستان کے موقف کی جیت ہے۔

منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے موقف کو دنیا نے تسلیم کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مہلک اثرات اور پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو عالمی ایجنڈے میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے موقف نے عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔’ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ’ کے قیام سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتیرس ترقی پذیر ممالک کے محسن ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی کاوشوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو منوانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔تمام عالمی قائدین مبارک اور خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے کرہ ارض کو بچانے کے لئے فیصلہ کن اور عملی قدم اٹھایا ۔یہ عالمی اتحاد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔