پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

207
constitutional

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔یہ بات انہوں نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی کی ٹیلیفونک بات چیت کی۔

گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان باہمی قانونی معاونت کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے مراحل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک متحدہ عرب امارات کی معاونت کے لیے ہر وقت تیار ہے، وفاقی وزیرِ قانون نے متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔