راولپنڈی۔6دسمبر (اے پی پی):وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خان منگل کو یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید مرحومہ کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحومہ بیگم نجمہ حمید کے انتقال پر مرحومہ کے صاحبزادوں، بہن طاہرہ اورنگزیب، بھانجی مریم اورنگزیب اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجمہ آپا خواتین کے علاوہ مرد سیاستدانوں کے لئے بھی ایک قابل تقلید مثال تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پیدائشی مسلم لیگی کے طور پر تمام عمر انہوں نے نظریہ پاکستان، جمہوریت اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں گزاری۔
بیگم کلثوم کے ہمراہ بیگم نجمہ حمید کی جمہوری جدوجہد تاریخ کا روشن باب ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ وزیر داخلہ نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔