پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، ملک کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہو گا،وفاقی وزیر احسن اقبال کی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے دورہ کے موقع پر گفتگو

183
احسن اقبال
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی طرح پاکستان سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں بھی نا قابل شکست رہا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، ملک کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہو گا، ہمیں ملک کی معیشت کو ہر صورت بچانا ہے، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لانا ضروری ہے۔

انہوں نے جمعرات کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے دورہ کے موقع پر مستقبل میں معاشی بہتری کیلئے 5نکاتی پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، حکومت سنبھالی تو بتایا گیا کہ ترقیاتی بجٹ کیلئے فنڈز نہیں، ہمیں ملک کی معیشت کو ہر صورت بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوست ملکوں کی امداد اور قرضوں پر زیادہ دیر نہیں چل سکتے، ہمیں آئی ایم ایف اور دیگر ملکوں پر انحصار کم کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں ہر صورت ملک کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداواری صلاحیت بڑھا سکتے ہیں، زرعی پیداوار کو بڑھا کر اربوں ڈالر ز کا زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے ترسیلات زر اور برآمدات بڑھانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام لانا ہو گا، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ پسماندہ طبقے پر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ پڑے، گزشتہ حکومت کے معاہدوں کے باعث ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ تیزترترقی کیلئے25 سے 30 ارب ڈالر کی سالانہ بیرونی سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔