اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’کے تھری‘ کی شمولیت سے ایٹمی بجلی گھر سے بجلی کی پیداوار 3600میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے،مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار سے ایندھن کی درآمد،ٹیرف میں کمی اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کے ساتویں ایٹمی بجلی گھر اور کراچی میں بنائے گئے تیسرے ایٹمی بجلی گھر کا افتتاح کیا۔ کے تھری کی شمولیت سے ایٹمی بجلی پیدا کرنے کی کل صلاحیت 3600 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ کے تھری منصوبے سے مجموعی طور پر 1100 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی پیدا کرنے کے مقامی ذرائع جیسے پن بجلی، کوئلہ اور شمسی توانائی کی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر پیدا ہونے والی بجلی سے ایندھن کی درآمد کو کم کرنے، ٹیرف کو کم کرنے اور اس طرح عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔