کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا سلسلہ مقبوضہ وادی کی آزادی تک جاری رہے گا ، ڈپٹی کمشنرپشین

108

کوئٹہ۔5فروری (اے پی پی):آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان اور صوبہ بلوچستان کے مختلف شہروں کی طرح ضلع پشین میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر یاسر خان بازئی کی قیادت میں کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم وبربریت،مسلسل جارحیت،انسانیت سوز سلوک اورغاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کی مناسبت سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں وزیر اعلی کے کوآرڈینیٹر برائے(امور نوجوانان)ایڈوکیٹ نور خان ترین،ضلعی انتظامیہ،لائن ڈیپارٹمنٹ کےافسران،سیاسی وقبائلی عمائدین،سماجی تنظیموں کے نمائندگان،علمائے کرام،انجمن تاجران،سول سوسائٹی،صحافی برادری سمیت عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،ریلی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے نکالی گئی اور مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی ڈی سی آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ پوری لگن کے ساتھ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہےاور جدوجہد آزادی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہے ہیں جبکہ یکجہتی کا یہ سلسلہ کشمیری بھائیوں کی مکمل آزادی تک جاری رہے گا کیونکہ بحیثیت مسلمان قوم ہم سب ایک دوسرے کے بھائی ہیں ۔ آخر میں سانحہ پولیس لائن پشاور اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے مشترکہ طور پر خصوصی دعا کی گئی۔