مسافروں کی سہولت کیلئے ریلوے نے چینی کمپنی ایزی وے کے تعاون سے رابطہ ایپ متعارف کرادی ہے جس سے آمدن میں 7فیصد تک اضافہ ہوگا،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

163

لاہور۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسافروں کی آسانی کے لئے پاکستان ریلوے نے چینی کمپنی ”ایزی وے” کے تعاون سے رابطہ ایپ متعارف کرادی ہے جس سے ریلوے کی آمدن میں 5سے 7فیصد اضافہ ہوگا،ایم ایل ون ہماری ترجیحات میں شامل ہے جس کی اپ گریڈیشن کیلئے کام کر رہے ہیں ،ریلوے ملازمین کے معاشی مسائل کے حل کے لیے وزارت خزانہ سے تعاون کے لیے رابطے میں ہیں،ہمیں یقین ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں چائنیز کمپنی سے معاہدے پر دستخط کی تقریب اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور آج ہم نے چائنیز کمپنی ایزی وے کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس سے ہم پاکستان ریلوے میں آٹو میٹڈ بکنگ اور ٹریولنگ اسسٹنس ایپ "رابطہ” متعارف کروارہے ہیں اس ایپ کے ذریعے مسافر ٹرین میں دستیاب ٹکٹس کی معمولات و بکنگ کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن، قیام و طعام کیلئے آن لائن سہولیات حاصل کر سکتے ہیں اور اس کے علاوہ ٹرین آپریشن مینجمنٹ سسٹم کی رسائی بھی مسافروں کو دستیاب ہوگی، اس ایپ سے صارفین اپنے پارسل کی بکنگ اور اپنی شکایات بھی درج کر اسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے تمام اخراجات چائنیز کمپنی برداشت کرے گی جبکہ اس کی آمدن کا 13سے 30فیصد حصہ پاکستان ریلوے کو ملے گا مگر اس کے لیے ایک شرط رکھی گئی ہے جب اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کی تعداد تین کروڑ 50لاکھ سے بڑھ جائے گی پا کستان ریلوے کے ریونیو میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو اس وقت شدید مالی مشکلات کا سامناہے کیونکہ سیلاب کی وجہ سے ریلوے کو سات ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے ، اس نقصان کو پور ا کرنے کے لیے میں براہ راست وزارت خزانہ سے رابطے میں ہوں اور میری ذاتی دلچسپی ہے کہ وزارت خزانہ ہمارے ساتھ اس سلسلہ میں مکمل تعاون کرے تاکہ ہم اپنے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی مکمل ادائیگیاں کر سکیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے اپنی دکانوں میں ٹینڈرنگ میں تاخیر کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے ایک واضح پالیسی بنائی جائے تاکہ مافیا کو سرگرم ہونے سے روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن ٹرین کے کرایوں میں اضافہ اس لیے نہیں کیا گیا کیونکہ اس کا کرایہ پہلے ہی دیگر ٹرینوں سے زیادہ ہے،ہم ایم ایل ون پر تفصیلی سوچ بچار کر رہے ہیں اور اس کی لاگت میں کٹوتی پر غور کر رہے ہیں۔خواجہ سعید رفیق نے کہا کہ ہم جن منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ان کے نتائج آنے والے وقتوں میں سامنے آئیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ بوگیوں پر نمبرنگ چاک سے لکھنے کی بجائے پرنٹ کریں تاکہ مسافروں کو اپنی بوگی تلاش کرنے میں آسانی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی سروس کو مزید فعال کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں اور اس کی منازل کو بڑھانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پور ا یقین ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور جس جانفشانی سے وفاقی حکومت کام کر رہی ہے ملک جلد معاشی استحکام کی طرف گامزن ہوگا۔