عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے تو ضمانت کیوں لے رہے ہیں۔ سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ‏آخری گیند اور آخری کارڈ کی ناکامی کے بعد عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے لیکن خود ہر کیس میں قبل از وقت گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، انتشار، احتجاج اور عدم استحکام کی سیاست میں ناکامی کے بعد تحریک انصاف کو اپنی طرز سیاست پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے تو ضمانت کیوں لے رہے ہیں ، انہیں جیل بھرو تحریک کی قیادت خود کرنی چاہئے۔

شیری رحمان نے کہا کہ یہ خود جیل جانے سے ڈرتے اور کارکنوں کو جیل جانے پر اکسا رہے ہیں، لوگوں نے ان کے ذاتی احتجاج کو مسترد کیا تو اب انہوں نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوچا تھا کہ اسمبلیاں توڑنے اور استعفوں کے بعد ملک میں افراتفری اور عدم یقینی پھیلے گی اور ملک کا کاروبار رک جائے گا، ان کا مقصد ملک میں سیاسی افراتفری اور انتشار قائم رکھنا ہے، یہ چاہتے ہیں ملک میں تقسیم اور تصادم کی فضہ قائم رہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ انتشار پھیلانے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔