بلوچستان پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن
بلوچستان پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن کیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پشین کے علاقوں کلی سلطان، ازرم، دینار اور گیلو کے علاوہ دیگر شناخت شدہ مقامات پر مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر متعلقہ مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ان کے نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور منصوبہ بند دہشت گردی کی سرگرمیوں سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔مشترکہ آپریشنز کی قیادت ڈی آئی جی ژوب رینج، کمانڈر سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی پشین نے کی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے قریبی رابطہ کاری سے کام کیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس، بلوچستان نے کامیاب کارروائیوں کے دوران بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت، حوصلے اور ہم آہنگی کو سراہا۔
آئی جی پی بلوچستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صوبے بھر میں دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور معاون ڈھانچوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں پورے عزم اور استقامت کے ساتھ جاری رہیں گی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام کی جان، مال، امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔







