وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کی ملاقات
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کی ملاقات ، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے پیرکویہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے ہائی کمشنر کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا،انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ تین ماہ کے فیول ریلیف پروگرام پر روشنی ڈالی جس کے لیے تقریبا 75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور جس کا مقصد اہل صارفین کو ہدف پرمبنی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیر خزانہ نے ہائی کمشنر کو حالیہ اقتصادی پیش رفت اور معاشی استحکام برقرار رکھنے، بیرونی مالیاتی ذخائر کو مضبوط بنانے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات آگے بڑھانے کے لیے حکومت کی مسلسل توجہ سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ خودمختار کریڈٹ پروفائل میں بہتری سے معاشی استحکام اور اصلاحات کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کی عکاسی ہورہی ہے۔ ملاقات میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔
فریقین نے سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ قابلِ پیش گوئی اور سہولت پر مبنی ماحول کی فراہمی کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا،کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان میں کینیڈین کمپنیوں کی موجودگی بڑھانے بالخصوص اس تناظر میں کہ پاکستان میں کینیڈین کمپنیوں کی موجودہ موجودگی نسبتا محدود ہیکے وسیع امکانات کو اجاگر کیا اور کان کنی، زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور دیگر شعبوں کو سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے موزوں شعبوں کے طور پر شناخت کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے تجارت میں تنوع لانے اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، جس میں زراعت اور زرعی اجناس کے شعبوں میں مزید تعاون بھی شامل ہے۔فریقین نیایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے نظام اور کینیڈین روابط رکھنے والے ری سائیکل شدہ ملبوسات کے کاروبار کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ایسی سرگرمیوں سے وابستہ روزگار اور ماحولیاتی فوائد کو اجاگر کیا اور یقین دہانی کرائی کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔وزیر خزانہ نے حکومت کے نجکاری ایجنڈے پر بھی روشنی ڈالی، جس میں ہوا بازی کے شعبے میں موجود مواقع بھی شامل ہیں، اور پاکستان کی جانب سے قابلِ اعتماد، طویل المدتی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور کینیڈین کاروباری اداروں کے ساتھ تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔
طارق علی خان نے اقتصادی استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو وسعت دینے میں کینیڈا کی مسلسل دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مسلسل مذاکرات اور مزید تعاون کی اہمیت پربھی زور دیا۔








