ملکی تعمیروترقی کا سفر جہاں رکاتھاوہیں سےدوبارہ شروع کریں گے،ملک کو اندھیروں سےنکالنےمیں ضرور کامیاب ہوں گے،وزیردفاع خواجہ محمد آصف

129
ملکی تعمیروترقی کا سفر جہاں رکا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے، ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہوں گے، وزیردفاع خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔12مارچ (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی تعمیروترقی کا سفر جہاں رکا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے، حالات کٹھن ضرور ہیں لیکن ہم پر عزم ہیں کہ اپنے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ہنٹر پورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے چارسالوں میں ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ،انہی کی ناقص معاشی پالیسیوں سے متاثرہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جو ترقیاتی کام 2017ء میں شروع کیے تھے ان کے علاوہ 2018ء کے بعد پی ٹی آئی نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن)نے جونہی دوبارہ حکومت سنبھالی تو پنجاب سمیت وفاق میں بھی ترقیاتی کاموں کا دوبارہ سے آغاز کر دیا۔

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کو جب بھی اقتدار ملا ملک نے ترقی اور عوام خوشحال ہوئے جس کی وجہ ہماری قیادت ہے جو ہمیشہ سے غریب عوام کی فلاح کا سوچتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)ہی مکمل کرا رہی ہے کیونکہ ہم صرف باتوں پہ نہیں بلکہ عملی اقدامات پہ یقین رکھتے ہیں،

شہابپورہ فلائی اوور ہو یا کشمیر روڈ سمیت دیگر ترقیاتی کام،تمام ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سر جاتا ہے۔سابق ایم پی اے محمد منشاء اللہ بٹ ، سابق میئر توحید اختر چودھری ، سٹی صدر مسلم لیگ (ن )محمد رفیق مغل ، چودھری عدنان اکبر ، چودھری سمیع ، سابق ایم ایل اے چودھری محمد اسحاق سمیت عوام کی کثیرتعداد یہاں موجود تھی۔