اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):پاکستان اورمغربی یورپ کے ممالک کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں اضافہ ہواہے۔مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں بیلجیئم،فرانس، جرمنی، نیدرلینڈ اورمغربی یورپ کے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات میں 3.41 فیصدکااضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 25 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرمارچ تک کی مدت میں بیلجیئم،فرانس، جرمنی، نیدرلینڈ اورمغربی یورپ کے دیگرممالک کو3.506 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ 3.41 فیصدزیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی یورپ کے ممالک کو3.391 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں،مارچ میں مغربی یورپ کے ممالک کو364.11 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں، جوفروری میں 369.76 ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 440.63 ملین ڈالرتھیں۔مالی سال 2022 میں مغربی یورپ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو4.662 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مغربی یورپ کے ممالک سے 2.528 ارب ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی یورپ کے ممالک سے 3.15 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں، مارچ میں مغربی یورپ سے 200.22 ملین ڈالرکی درآمدات ہوئیں جوفروری میں 253.32 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 377.54 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2022 میں مغربی یورپ کے ممالک سے درآمدات پر4.356 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا