اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر12 فیصدکی کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں بحرین،کویت،قطر اوراومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.666 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.029 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔
اپریل میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 358.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 298 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 294.4 ملین ڈالرتھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 22.74 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.14 ارب ڈالرتھا۔