فیصل آباد۔7جون (اے پی پی):چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپپٹما)حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ترکمانستان اور روس کے ساتھ معاہدہ خوش آئند ہے جبکہ روس کے ساتھ باہمی تجارت 20 ارب ڈالر تک بڑھانے سے ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اورروس کے درمیان براہ راست کارگوسروس شروع ہونے سے تجارتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوں گے اورروس کاکارگو بحری جہاز سینٹ پیٹرزبرگ کی بندرگاہ سے براہ راست کراچی بندرگاہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ سمندری راستے سے براہ راست کارگو سروس شروع ہونے سے پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی حجم 2.5 ارب ڈالر تک وسیع ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں
کیونکہ روس اور اس کی ریاستیں بڑی تجارتی منڈیاں ہیں جہاں تک پاکستان کی رسائی سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ کے باعث ملکی صنعتی و تجارتی شعبہ ترقی کرے گا بلکہ ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگاانہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی حجم میں پائیدار بنیادوں پراضافہ کے بعد بیرونی ادائیگیوں کے توازن میں استحکام ہو گا جبکہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان باہمی تجارت بالخصوص توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی نئی راہیں بھی کھلیں گی۔