اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 18 لاکھ بچے اس وقت تک رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ ان میں اب تک 6 کروڑ 33 لاکھ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے دوران 2 کروڑ 34 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے۔
جمعرات کو جاری کئے گئے اقتصادی سروے کے مطابق اس پروگرام کے تحت پرائمری میں زیر تعلیم لڑکوں کو سہ ماہی 1500 جبکہ بچیوں کو 2 ہزار، سیکنڈری کی سطح پر لڑکوں کو 2500 جبکہ لڑکیوں کو 3 ہزار اور ہائیر سیکنڈری کی سطح پر لڑکوں کو 3500 جبکہ لڑکیوں کو 4 ہزار روپے فی کس دیئے گئے ہیں۔ بے نظیر انڈر گریجویٹ سکالرشپ پراجیکٹ کے تحت ایک لاکھ 2 ہزار سکالرشپ کیلئے 38 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، یہ پروگرام 2026-27ء تک جاری رہے گا۔