مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، حریت رہنما غلام احمد گلزار

100
مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، حریت رہنما غلام احمد گلزار

سرینگر۔17جون (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے ہندو امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے نام پر مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ یاتریوں کی حفاظت کی آڑ میں مزید60ہزار بھارتی فورسز اہلکار مقبوضہ علاقے میں تعینات کیے جارہے ہیں جس سے کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا جو 5 اگست 2019 سے مسلسل محاصرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری یاترا کے خلاف نہیں ہیں لیکن زیادہ سے زیادہ فورسز اہلکاروں کی تعیناتی اور یاترا کی مدت میں توسیع مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلے سے ہی ابتر ماحول کے لیے تباہ کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بڑی تعداد میں یاتریوں کی آمد مقبوضہ علاقے میں ماحولیاتی آلودگی اور گلیشیئرز کے پگھلنے کا باعث بھی بنے گی جس کے نتیجے میں پانی کے وسائل کی کمی اور خشک سالی ہو سکتی ہے۔غلام احمد گلزار نے نشاندہی کی کہ مودی حکومت مسلم آبادی کو مرعوب کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ہندوئوں کوعلاقے میں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گرفتاریوں اور دیگر مظالم کاسلسلہ تیز کر دیا ہے جس سے پورے خطے میں خوف ودہشت کی فضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورسز کی بھاری تعیناتی، ہر قدم پر چیکنگ اور چھیڑ چھاڑ نے نہ صرف عام لوگوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے بلکہ تمام کاروباری اور دیگرمعاشی سرگرمیاں متاثر ہوچکی ہیں اور ہزاروں کشمیری اپنی روزی روٹی سے محروم ہو گئے ہیں۔غلام احمد گلزارنے کہا کہ بھارت یاترا سیکورٹی کے نام پر مقبوضہ علاقے کو جیل میں تبدیل کرتا ہے جبکہ کشمیری مسلمانوں کے مذہبی حقوق سلب کیے جاتے ہیں اور مساجد کو محاصرے میں رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو جمعہ اور عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے ،مقبوضہ علاقے میں محرم اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوسوں پر پابندی ہے۔ انہوں نے بھارت کے دوہرے معیار کی مذمت کی اور عالمی برادری سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے عالمی ماحولیاتی ماہرین پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دورانیے میں اضافے اور بڑی تعداد میں یاتریوں کی آمد کے سبب بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والے ماحولیاتی خطرات کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر اور اس کے باشندوں کو موسمیاتی تبدیلی کی آفات سے بچائیں۔