اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نےکہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں سینکڑوں انسانی جانوں کے نقصان پر دل انتہائی افسردہ ہے،پوری پاکستانی قوم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے،ہماری ہمدردی اور ادا کیے ہوئے الفاظ ورثاء کے دکھ کا مداوا نہیں کر سکتے۔
منگل کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ خاندان کی المناک داستان سن کر دل حلق کو آتا ہے،افسوس اس امر کا بھی ہے کہ یہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے،تارکین وطن روشن مستقبل کے لیے اپنے تمام وسائل لگا کر اس مشکل اور غیرمحفوظ راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی نوجوان روزگار سے متعلق مشکل صورتحال سے دوچار ہیں،اوورسیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،
ہنرمندوں کے لیے یورپ میں ملازمتوں کے بہترین مواقع موجود ہیں،شارٹ کٹ اپنانے کی بجائے نوجوان ہنر سیکھیں اور جائز طریقے سے بیرون ملک جائیں۔قمر زمان کائرہ نےکہا کہ میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ بیرون ملک جانے کے لیے جائز اور محفوظ راستے اپنائیں،جائز راستے طویل ضرور ہیں مگر محفوظ ہیں،اللہ رب العزت شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔