شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی ،اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے بھارتی سفارتخانہ تک احتجاجی ریلی

276
شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی ،اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے بھارتی سفارتخانہ تک احتجاجی ریلی

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان اور جموں و کشمیر لبریشن کمیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام جنرل سیکرٹری حریت کانفرنس ، شیخ عبدالمتین اور وزیر حکومت جاوید احمد بٹ کی قیادت میں شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے بھارتی سفارتخانہ تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی میں شرکت کرنے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید برہان وانی کی تصویر کتبے اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر شہدا کشمیر کے حق میں اور بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ احتجاجی ریلی سے شیخ عبدالمتین، جاوید بٹ، ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ خان افسر خان، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی،سردار نجیب الغفور خان، مشتاق بٹ، فاروق رحمانی، منظور شاہ، گلشن احمد، رفیق ڈار، سلیم ہارون، بشیر عثمانی، ماجد شریف، راجہ آصف، سردار عظیم سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کے وہ عظیم رہنما ہے جنہوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے بھارت کے کشمیر پر سات دہائیوں سے زائد ناجائز قبضے کی مصنوعی عمارت کو نہ صرف خاکستر کیا بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جلا بخشی ۔انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر پر پڑنے والے اثرات سے پوری دنیا باخبر ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف اور شہدا کے جنازوں میں لاکھوں لوگوں کی شرکت سے بھارت کے خلاف کشمیریوں کی نفرت اور تحریک آزادی کشمیر کی تیس اپنی وابستگی کا مظہر ہے۔

قومی اور بین الاقوامی اخبارات نے برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں معرز وجود میں آنے والی عوامی تحریک کو مقامی انتفادہ کا نام دیکر بھارت کے آس بے پناہ بروپگنڈہ کہ کشمیر کی موجودہ تحریک بیرونی امداد سے جاری و ساری ہے کہ نفی کردی بھارتی فوج عوامی نفرت اور تحریک آزادی کے تیس عوامی وابستگی کو کچلنے کے لیے طاقت کا بے تحاشہ استعمال کر رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید برہان نے جام شہادت نوش کر کے کشمیر کی تحریک کو نئی نسل میں منتقل کر دیا اور آج کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی کی شکل میں بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف سیسا پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ شرکا نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ شہدا کشمیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔قائدین نے بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کرانے پر زور دیااور حریت قائدین کارکنوں جوبھارت کی مختلف جیلوں میں کئی سالوں سے نظر بند ہیں ان کو فوری رہا کیا جائے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور کشمیریوں کے جائز حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔اقوام متحدہ پر بھی زور دیا گیاہے کہ وہ مودی حکومت کی اس مذموم کوشش اور کشمیریوں کوانکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے سے بھارت کے مسلسل انکار کا فوری نوٹس لے۔ کشمیریوں کے اس پیدائشی حق کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے منظورکی گئی متعدد قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے