بینکوں کے ڈیپازٹس ، مختصر مدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں جون کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ

104

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):بینکوں کے ڈیپازٹس ، مختصر مدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں جون کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالےسے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جون 2023 میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 25508 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 11.8 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جون میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 22810 ارب روپے ریکارڈکیا گیاتھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادوں پر 4.6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

مئی میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 24388 ارب روپے ریکارڈکیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق جون میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 12202 ارب روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 12.1 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جون میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 10886 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں بینکوں کی مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 1.1 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ۔ مئی میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 12072 ارب روپے ریکارڈکیا گیا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق جون 2023 میں بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) کاحجم 20896 ارب روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جون میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 17419 ارب روپے ریکارڈکیا گیا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں بینکوں کی سرمایہ کاری کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 3.7 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ مئی میں بینکوں کی سرمایہ کاری کاحجم 20144 ارب روپے ریکارڈکیا گیاتھا۔