اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ اور وزیر مملکت برائے تخفیف غربت فیصل کریم کنڈی جمعہ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ اور سینئر صحافی خلیق کیانی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لئے نیشنل پریس کلب گئے اور افضل بٹ اور خلیق کیانی کی والدہ مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ والدہ اللہ تعالیٰ کا ایک ایسا قیمتی تحفہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں، افضل بٹ اور خلیق کیانی کی والدہ کے انتقال پر صد افسوس ہے، افضل بٹ، خلیق کیانی اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کے والدین زندہ ہیں اللہ تعالیٰ انہیں طویل زندگی دے اور ہم سب کو اپنے والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ والدہ کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے، ان کی کمی پوری زندگی رہتی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ والدین کے ساتھ بہاریں ہوتی ہیں، اللہ سبحان و تعالیٰ افضل بٹ اور خلیق کیانی کی والدہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر مرحومین کے ایصال ثواب، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔