34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومزرعی خبریںحکومت زرعی شعبے کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھرپور کوشش...

حکومت زرعی شعبے کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے ، وزیر مملکت رومینہ خورشید عالم کا بارانی زرعی یونیورسٹی میں چائنا فیلوشپ تقریب سے خطاب

- Advertisement -

راولپنڈی۔14جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت رومینہ خورشید عالم نے کہاہے کہ زراعت معیشت کا سب سے بڑا شعبہ ہے اور موجودہ حکومت زرعی شعبے کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے ،اس سے نہ صرف چھوٹے کسان خوشحال ہوں گے بلکہ ملکی معیشت مضبوط ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں چائنا فیلوشپ 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد یونیورسٹی نے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے تعاون سے کیا تھا ۔

شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے منتظمین کو اس فیلوشپ تقریب کے انعقاد کو سراہا جس کی نوجوانوں کے لئے اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بہت گہرے اور وقت کی آزمائش پر ہیں لیکن ہمارے نوجوانوں کو اس بات کا مکمل اندازہ ہونا چاہئے کہ تعلیم، زراعت اور گورننس کے شعبے میں چین کی ترقی کے لئے کون سا ماڈل استعمال کیا جا رہا ہے ،ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین زاہد لطیف خان نے قوم کی ترقی کے لئے پڑوسی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔

- Advertisement -

ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سی ای او شکیل رامے نے کہا کہ چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور نیک نیتی کے باوجود لوگوں میں چین کے بارے میں بہت کم سمجھ ہے، افہام و تفہیم کی کمی اس وجہ سے پیدا ہوتی ہے کہ چین کی حکمرانی، سفارت کاری، سلامتی، ماحولیات اور سماجی ماڈل کو سمجھانے کے لیے کوئی باضابطہ ذرائع نہیں ہیں، جو کنفیوشس، تاؤ ازم اور چیئرمین ماؤ کے افکار کے اصولوں پر تیار کیا گیا ہے

بارانی زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر عبدالصبور ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اپنے خطاب میں منتظمین کی جانب سے ایسی تقاریب کے انعقاد کی سرگرمیوں کو سراہا جو کہ چینی ثقافت کے بارے میں سیکھنے اور نوجوان طلباء کی ترقی کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ ڈائریکٹر سی پیک ایگریکلچر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان نے اس فیلو شپ کے انتخاب کے عمل کے بارے میں بتایا اور طلباء کو مشورہ دیا کہ تعلیم حاصل کرنا ان کا بنیادی مقصد ہونا چاہئے ۔انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر ڈین، ڈائریکٹرز اور میڈیا افرادکا شکریہ ادا کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=374287

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں