الیکشن کمیشن نے پنجا ب اور اسلا م آباد میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول ودیگر امور پر مشاورت کیلئے اہم اجلاس طلب کر لئے

203
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجا ب اور اسلا م آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے شیڈول و دیگر متعلقہ امور پر مشاورت کے لئے اہم اجلاس طلب کر لئے۔ اسلام آبادکے بلدیاتی انتخا بات کے انعقاد کے سلسلے میں میٹنگ 2اگست کوہوگی جس کے لئے سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آبادکو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق پنجا ب میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخ اور شیڈول فائنل کرنے کے لئے کمیشن نے 3اگست کو دوسرا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کومدعو کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب میں الیکشن کمیشن نے قانون کے تحت حلقہ بندیوں کے تمام مراحل مکمل کر لئے ہیں ، دونوں اجلاسوں میں اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے تاریخیں مقرر کی جائیں گی ۔

یا د رہے کہ الیکشن کمیشن نےپچھلے تین سالوں میں مسلسل کوششوں سے صوبہ خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل کر لئے ہیں جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی تما م انتظامات اور حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے،الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابا ت جلد از جلد کرائے جائیں تاکہ تمام ملک میں بلدیاتی حکومتیں کے قیام کا مرحلہ مکمل ہو ۔