وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر بات چیت

156

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بلیک سی گرین انیشیٹو (بی ایس جی آئی) کو روکنے اور دنیا بھر میں غذائی افراط زر پر اس کے اثرات کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے گزشتہ سال بی ایس جی آئی معاہدے کو حتمی شکل دینے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہیں درخواست کی کہ وہ تعمیری بات چیت کے ذریعے اس اقدام کو بحال کرنے کے لیے اپنی مصروفیات جاری رکھیں جو تمام فریقوں کے خدشات کو دور کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے یورپ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بار بار ہونے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اور ایکشن پلان تشکیل دے کر اقوام متحدہ کی سطح پر اجتماعی کارروائی پر زور دیا۔ وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو سندھ میں سیلاب سے متاثرہ خواتین کو ”لینڈ ٹائٹلز“ کی فراہمی کے لیے شروع کیے گئے حالیہ منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔