اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):پولینڈ میں منعقد ہونے والی 3 روزہ بین الاقوامی نمائش’’فاسٹ ٹیکسٹائل فیئر‘‘ میں شرکت کےلئے 5 اگست تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں ۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں عالمی تجارتی نمائش 21تا 23نومبرکو منعقد ہو گی۔
نمائش میں ٹیکسٹائل کی صنعت سے وابستہ مصنوعات مشینری،سوتی دھاگہ، ہوم ٹیکسٹائل، تیار ملبوسات، سلائی میں استعمال ہونے والی اشیا/خدمات اور فیشن سے وابستہ اشیانمائش کےلئے پیش کی جائیں گی۔ نمائش میں مصنوعات/ خدمات تیارو برآمد کرنے والے ادارے شرکت کے ذریعے اپنی مصنوعات کی نمائش کے علاوہ عالمی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاملات بھی طے کرسکیں گے جس سے قومی برآمدات کے فروغ اور قیمتی زرمبادلہ کے حصو ل میں مدد ملے گی۔نمائش کے حوالے سے مزید تفصیلات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔