پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام دوسرا ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ 15 اگست سے لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ اشفاق ندیم ہاکی سٹیڈیم ، راولپنڈی میں شروع ہو گا

179
ہاکی

راولپنڈی۔13اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کے زیراہتمام دوسرا ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ 15 اگست سے لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ اشفاق ندیم ہاکی سٹیڈیم ، راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ، 20 اگست تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں ماڑی پیٹرولیم ، پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس، پولیس اور پنجاب رینجرز شامل ہیں، ٹورنامنٹ ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف کے قوانین کے تحت کھیلا جائے گا ۔

پی ایچ ایف کے مطابق اولمپکس اور ورلڈ کپ گولڈ میڈلسٹ اولمپیئن ناصر علی بطور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر فرائض انجام دیں گے، شجاع اقبال راجہ اور میجر ریٹائرڈ طارق احمد ٹورنامنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہوں گے ، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمد یامین خان کو آرگنائزنگ سیکرٹری جبکہ ڈاکٹر احسن تنویر کو ڈپٹی آرگنائزنگ سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے