راولپنڈی۔21اگست (اے پی پی): پاکستان واپڈا نے دوسرا ماڑی پٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں ماڑی پٹرولیم کو 2-3 سے شکست دی ۔ مہمان خصوصی چیئرمین فوجی گروپ آف کمپنیز اینڈ ایم ڈی فوجی فاؤنڈیشن وقار احمد ملک نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور 20 لاکھ روپے انعام دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اشفاق ندیم ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں واپڈا نے میزبان ماڑی پٹرولیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی ۔ واپڈا کی جانب سے عمر بھٹہ، توثیق ارشد اور سلمان رزاق نے گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔ ماڑی پٹرولیم کے سفیان خان اور ارباز احمد نے ایک، ایک گول سکور کیا۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین فوجی گروپ آف کمپنیز وقار احمد ملک تھے ۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور 20 لاکھ روپے جبکہ ماڑی پیٹرولیم کو رنرز اپ ٹرافی کے ساتھ 15 لاکھ روپے انعام دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا قومی کھیل ہاکی کی ترقی و ترویج کے لئے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی کارپوریٹ اداروں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ پاکستان ہاکی کو دنیا بھر میں پھر سے وہی عروج حاصل ہو سکے۔
ایم ڈی ماڑی پٹرولیم فہیم حیدر کا کہنا تھا کہ ماڑی پٹرولیم کمپنی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر ہاکی کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن سید حیدر حسین، سیدہ شہلا رضا، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپیئن ناصر علی ، اولمپیئن شہناز شیخ ، اولمپیئن نعیم اختر، اولمپیئن سعید خان ، اولمپیئن رحیم خان، اولمپیئن دانش کلیم، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکرٹری کرنل محمد یامین اور شائقین ہاکی کی کثیر تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی۔