راولپنڈی۔21اگست (اے پی پی):بھارتی فوج نے سیز فائر لائن کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اولی گائوں کا رہائشی 60 سالہ غیاث شہید ہوگیا جبکہ کھیتوں میں گھاس کاٹتے ہوئے 3 خواتین زخمی ہوگئیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں پیر کو بلا اشتعال فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر نے بھارتی جارحیت کو سیز فائر لائن مفاہمت کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکون کا خواہاں ہے تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔