زیورخ (سوئٹزرلینڈ) ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کےلئے پیر کو یہاں پہنچ گئے۔ بیگم کلثوم نواز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ زیورخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنیوا میں اقوام متحدہ مشن میں خصوصی نمائندہ اور سفیر تہمینہ جنجوعہ اور سینئر سوئس حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وسیع تر …
وزیراعظم محمد نواز شریف عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کےلئے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے
زیورخ (سوئٹزرلینڈ) ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کےلئے پیر کو یہاں پہنچ گئے۔ بیگم کلثوم نواز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ زیورخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنیوا میں اقوام متحدہ مشن میں خصوصی نمائندہ اور سفیر تہمینہ جنجوعہ اور سینئر سوئس حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وسیع تر سماجی ہم آہنگی اور انسانی ترقی کے فروغ کے مقصد کے حامل عالمی اقتصادی فورم 17 سے 20 جنوری تک ڈیووس میں ہو گا۔ وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاز شواب کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم اس موقع پر پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں اور مثالی کاروباری و سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کریں گے۔ اس سال اجلاس کا موضوع ”موثر اور ذمہ دار قیادت“ ہے جس میں 2017ءکے دوران قیادت کے اہم چیلنجز پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ 47 ویں اجلاس میں حکومت، کاروباری اور سول سوسائٹی سے تقریباً تین ہزار رہنما جمع ہوں گے۔ شرکاءمیں ایک تہائی یورپ، شمالی امریکہ سے باہر جبکہ ایک تہائی کاروباری اور حکومت کے علاوہ معاشرہ کی نمائندہ شخصیات ہوں گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ڈیووس میں متعدد سربراہان مملکت و حکومت اور تاجر رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ ورلڈ اکنامک فورم کے چیئرمین پروفیسر کلاز شواب سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کی سویڈن، ناروے اور سری لنکا کے وزراءاعظم کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ ہالینڈ کی ملکہ میکسیما کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم ڈیووس میں اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انٹو نیو گیوٹریس اور صدر سوئٹزرلینڈ ڈورس لیتھرڈ سے بھی ملاقات کریں گے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم ”پاکستان میںسرمایہ کاری: نئی حقیقت“ کے موضوع پر تقریباً 60 سرکردہ کاروباری رہنماﺅں کے ایک بڑے گروپ سے خطاب کریں گے۔








