نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی ملاقات

146
وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی ہے۔یورپی یونین کی سفیر نے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو اہم قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

جمعرات کو وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے موقع پر وزیر تجارت نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دی جانیوالی جی ایس پی پلس کی تجارتی رعایت کو سراہا۔ اس موقع پر گوہر اعجاز نے پاکستان کی عالمی برآمدات کو 80 ارب ڈالر تک بڑھانے کے اپنے وژن کے بارے میں بھی بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت تجارت بھرپور طریقے سے فریم ورک تیار کر رہی ہے جہاں خصوصی توجہ سٹریٹجک برآمدی منڈیوں اور ممکنہ مصنوعات پر مرکوز ہو گی۔یورپی یونین پاکستانی کاروبار کے لیے سب سے بڑے برآمدی مقامات میں سے ایک ہے۔جی ایس پی سکیم کا تسلسل پاکستان کو مدد دے گا۔سفیر کیونکا نے وفاقی وزیرکے وژن کی تعریف کی اور یورپی یونین کی طرف سے وزارت تجارت کی مدد کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔