اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پانامہ کیس میں عدالت سے استثنیٰ مانگا ہے، وزیراعظم نے اپنے آپ کو اور اپنے بچوں کو احتساب کیلئے پیش کر رکھا ہے، عمران خان نے پارٹی کے فنڈز کے معاملہ پر …
وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما دانیال عزیز کا پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پانامہ کیس میں عدالت سے استثنیٰ مانگا ہے، وزیراعظم نے اپنے آپ کو اور اپنے بچوں کو احتساب کیلئے پیش کر رکھا ہے، عمران خان نے پارٹی کے فنڈز کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ہے، وہ یوٹرن سے اب معافی خان بن چکے ہیں، تحریک انصاف نے اپنے پارٹی انتخابات میں بھی کرپشن کی ہے، سیتا وائٹ کیس اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالہ سے عمران خان کے موقف میں واضح تضاد ہے۔ وہ پیر کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ آج دوپہر سے ٹی وی چینلز پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے عدالت سے استثنیٰ مانگا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے، وزیراعظم کا پانامہ لیکس میں نام بھی موجود نہیں پھر بھی انہوں نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے، عمران خان کا سیتا وائٹ کی بیٹی کی ولدیت پر ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی کے کیس پر موقف یہ تھا کہ یہ معاملہ ان کی بطور رکن قومی اسمبلی انتخاب سے قبل کا ہے، اسلئے اس کی بنیاد پر انہیں نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا جبکہ نواز شریف کے معاملہ پر ان کے موقف میں واضح تضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا مطلب یہ نہیں کہ ہم عدالت نہیں جانا چاہتے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان اداروں کو برا بھلا کہنے، افسروں پر لعن طعن کرکے انہیں دباﺅ میں لا کر اپنی سیاست چمکاتے ہیں۔ اس سے قبل ایف بی آر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کو دباﺅ ڈال چکے ہیں۔








