آئی پی پیز کوڈالر کی بجائے روپے میں ادائیگیاں کی جائے ، حکومت آئی پی پیز کے بنیادی ٹیرف کو ڈالر کی بجائے روپے میں تبدیل کرے ، احسن ظفر بختاوری

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ حکومت آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر نظرثانی کرے اور ڈالر کی بجائے ان کو روپے میں ادائیگیاں کرے ، حکومت آئی پی پیز کے بنیادی ٹیرف کو ڈالر کی بجائے روپے میں تبدیل کرے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوگی، کاروباری اداروں …

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ حکومت آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر نظرثانی کرے اور ڈالر کی بجائے ان کو روپے میں ادائیگیاں کرے ، حکومت آئی پی پیز کے بنیادی ٹیرف کو ڈالر کی بجائے روپے میں تبدیل کرے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوگی، کاروباری اداروں کو سستی بجلی فراہم ہوگی اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ تقریبا 47 آئی پی پیز پاکستان کے توانائی شعبے میں کام کر رہی ہیں اور وہ اپنی سرمایہ کاری کے مقابلے میں اب تک کئی گنا زیادہ منافع کما چکی ہیں۔ پاور پالیسی 1994 کے مطابق، 16 آئی پی پیز نے تقریبا 60 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اور 400 ارب روپے سے زیادہ کمائے، جس سے ظاہر ہے کہ پاکستان میں آئی پی پیز کو کتنا زیادہ منافع دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت بجلی کی قیمت خطے میں سب سے زیادہ ہے جس وجہ سے کاروبار اور برآمدات کو فروغ دینا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتوں کو بند ہونے سے بچانے کے لیے حکومت بہترین قومی مفاد میں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کر کے بجلی کے ریٹ کم کرے۔

چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کاروبار کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کے نرخوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے تاکہ کاروبار کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ریکارڈمہنگائی نے صارفین کی قوت خرید میں نمایاں کمی کر دی ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ رہی ہیں جبکہ توانائی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے کاروبار کی لاگت بہت بڑھا دی ہے جس وجہ سے عالمی مارکیٹ میں ہماری برآمدات کو فروغ دینا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے توانائی کی قیمتوں میں مناسب کمی کرے تاکہ کاروبار کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ڈالر کی اڑان نہ روکی گئی تو ملک مسائل سے دوچار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت کیلئے ڈالر کو 250روپے پر کنٹرول کہا جائے۔ روپے کی قدر میں نمایاں کمی کے باعث صنعتی خام مال کی درآمد بہت مہنگی ہو گئی ہے اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ انڈسٹری کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بجائے بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نقصانات اور بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے اور بجلی کمپنیوں کی کارکردگی کو بھی بہتر بنانے پر توجہ دے تاکہ صارفین کو مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں