لاہور۔27اگست (اے پی پی):سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں جنوری سے اب تک ڈینگی کے 927کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں تاہم خوش قسمتی سے اس دوران کوئی مریض ڈینگی سے جاں بحق نہیں ہوا۔
اتوار کو جاری ایک بیان میں سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 39 نئے مریض سامنے آئے، رواں سال کے شروع سے اب تک ضلع لاہور میں ڈینگی کے 322کنفرم مریض رپورٹ ہوئے،
گزشتہ روز 18نئے مریض سامنے آئے، راولپنڈی میں جنوری سے اب تک ڈینگی کے کل 141مریض رپورٹ ہوئے جبکہ 4نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی،
ملتان میں رواں سال کے دوران ڈینگی کے کل 136مریض رپورٹ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیخوپورہ، قصور اور چکوال میں ڈینگی کے دو’ 2 نئے مریض سامنے آئے جبکہ سیالکوٹ، گجرات، اٹک، بہاولپور اور خانیوال میں ایک، ایک مریض میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
علی جان خان نے مزید کہا کہ اس وقت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے کل 47 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش ہے، لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 28مریض زیر علاج ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383068