فیصل آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی):جامعہ زرعیہ کے ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار دھان کی فصل کو سنڈیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت تدارکی اقدامات کریں تاکہ انہیں بعد میں کسی مالی نقصا ن کا سامنانہ کرناپڑے۔انہوں نے بتایاکہ دھان کی فصل کو سنڈیوں سے بچا کر فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر سنڈیوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے تجاوز کر جائے تو کیمیائی انسداد کیلئے محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملہ کی مشاورت سے سفارش کردہ زہروں کا سپرے کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ دھان کی فصل خصوصاً باسمتی اقسام کو تنے کی سنڈیاں سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھان کے علاوہ مکئی، کماد، گندم،جئی، سوانگ، سرکنڈا بھی اس سنڈی کے میزبان پودے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیتوں میں فالتو اگے ہوئے دھان کے پودے فوری ختم کردیں تاکہ پروانوں کو انڈے دینے کیلئے پودے میسر نہ ہوں نیز پتوں پر انڈوں کی ڈھیریوں اور پنیری کے کھیتوں کے اطراف میں اگی ہوئی جڑی بوٹیاں بھی تلف کر دی جائیں۔ انہوں نے بتایاکہ رات کی روشنی میں پھندے لگا کر پروانوں کو تلف کرنا بھی ایک مؤثر طریقہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے عملہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383118