کوپن ہیگن۔28اگست (اے پی پی): جنوبی کوریا کی نامور بیڈمنٹن سٹار اور ٹاپ سیڈڈ این سی ینگ نے بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈ منٹن چیمپئن شپ جیت لی۔ 21 سالہ جنوبی کورین کھلاڑی نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں ہسپانوی 30 سالہ کیرولینا ماریا مارٹن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈ منٹن چیمپئن شپ کے کانٹے دار مقابلے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں جاری ہیں ۔
کوپن ہیگن کے رائل ارینا میں کھیلے گئے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں جنوبی کوریا کی نامور بیڈمنٹن سٹار اور ٹاپ سیڈڈ این سی ینگ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ہسپانوی نامور بیڈمنٹن سٹار اور سکستھ سیڈ کیرولینا ماریا مارٹن کو سٹریٹ سیٹس میں 12-21 اور 10-21 سے ہرا کر میگا ایونٹ جیت لیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا۔ چاندی کا تمغہ سپین کی کیرولینا ماریا مارٹن کے حصے میں آیا جبکہ چین کی چن یوفی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383356