ڈیرہ غازی خان۔ 30 اگست (اے پی پی):کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے سبزی منڈی سرور والی کا دورہ کرکے نیلامی کے عمل،صفائی و ستھرائی اور قیمتوں کی جانچ پڑتال کی۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے سبزیوں اور فروٹس کے نیلامی عمل کو شفاف ترین بنانیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منڈی کی صفائی کیلئے شفٹوں میں سینٹری ورکر تعینات کئے جائیں، نیلامی اور پھڑیوں کے ریٹ کا موازنہ ضرور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی زائد منافع کمانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ منڈی سے باہر بھی پرائس ریٹ پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے،مہنگی سبزی اور اشیائے خوردونوش فروخت کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ افسران گاہے بگاہے منڈیوں کے وزٹس ضرور کریں تاکہ قیمتوں میں اعتدال رہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سبزی منڈی میں نیلامی عمل کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے اور اضافی ورکرز کی تعیناتی سے صفائی عمل میں بہتری لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم پڑتال کی بدولت قیمتوں میں کمی کے اثرات لوگوں تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=384229