راولپنڈی۔6ستمبر (اے پی پی):جنگ ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل قومی عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر ایک یادگار حیثیت رکھتی ہے۔یوم دفاع پاکستان کا تذکرہ دلوں کو گرماتا، جوش وجذبے کو اُبھارتا اور ایمان ویقین کو تازہ کردیتا ہے۔دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔ان خیالات کا اظہار ناہید منظور نے پنجاب آرٹس کونسل میں یوم دفاع کے حوالے سے تصویری نمائش کے افتتاخ کے موقع پر کیا۔
ناہید منظور کا مزید کہنا تھا کہ 1965کی پاک بھارت جنگ نے پاکستانیوں کو ایک لڑی میں پرو دیا،1965کی جنگ میں عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑی،ہم اپنے پیارے وطن کے دفاع، اس کی آزادی اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ یوم دفاع و شہداء ہمیں مسلح افواج اور قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے، آج سے 58 سال قبل مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا۔چھ ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، یہ دن پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے،
پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کو شکست فاش دی، آج کادن شہداء اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔پنجاب آرٹس کونسل میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسویسی ایشن کے اشتراک سے ٹیبلوز،تقریری اور ملی نغموں کے مقابلوں کا بھی انقعاد کیا گیا۔
ٹیبلو کے مقابلوں میں پیراگون سکول پہلے،سٹی لیسیم دوسرے،ڈسٹرکٹ پبلک سکولز فار گرلز تیسرے جبکہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول فار بوائز نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ملی نغموں کے مقابلوں میں گائڈنس سکول،ڈسٹرکٹ پبلک سکول، دی گرائمر سکول اورعظمیٰ ماڈل سکول نے بالاترتیب پہلے،دوسرے،تیسرے اور چوتھے انعام کے حق دار قرار پائے۔
تقریری مقابلوں میں عظمیٰ پبلک سلول پہلے،برائٹ مائنڈ سکول دوسرے،ایم ایجوکیشنل سسٹم تیسرے اوردی گائڈینس سکول چوتھے نمبر پر رہا۔اپیسماء شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان نے ڈائریکٹر وقار احمد کے ہمراہ پوزیشن حاصل کرنے والے سکولز میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔مقابلوں میں جڑوں شہروں سے طالب علموں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387565